افغانستان کیخلاف ٹی 20 سیریز ، ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان


افغانستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کے قومی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارڈ ہٹر اعظم خان، آل راؤنڈر عماد وسیم، اسامہ میر اور صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے جب کہ چند سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری سیزن میں عماد وسیم، اعظم خان اور صائم ایوب عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

مزید برآں، ذرائع نے بتایا کہ سیریز کے لیے ایک عبوری کوچنگ عملہ بھی مقرر کیا جائے گا۔ محمد یوسف کو ٹیم کی کوچنگ دیئے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کے اہم کھلاڑی نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 3 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 25 مارچ، دوسرا 27 مارچ اور تیسرا 29 مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ تینوں ٹی 20 میچز شارجہ کے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹی 20 سیریز کا شیڈول سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کر دیا گیا۔

پاک افغان ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے جبکہ بابر اعظم کی کپتانی میں ٹیم 22 مارچ کی شب شارجہ روانہ ہو گی۔


متعلقہ خبریں