ہمارے لگائے گئے تماشے ہی تباہی کا باعث بن رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے لگائے گئے تماشے ہی تباہی کا باعث بن رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم مہر بخاری کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو روز نئی کہانی نظر آتی ہے وہ کھل کر بات کریں کہ 2018 میں کیا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن کے ہر لیڈر کو بغیر کسی کیس کے گرفتار کیا اور میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ کسی سیاسی شخصیت کو گرفتار نہ کیا جائے۔ میں کسی پر الزامات لگانے کے حق میں کبھی نہیں ہوں اور حکومت کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو عمران خان کے خلاف کارروائی کرے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ضمانت ہے عمران خان الیکشن جیت کر اسمبلی نہیں توڑیں گے؟ مریم نواز

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیشہ کہتا ہوں ان معاملات پر ایک ٹروتھ کمیشن بنایا جائے تاکہ حقیقت سامنے آ جائے اور اتفاق رائے سے ہی ٹروتھ کمیشن بنے گا۔ کورٹ مارشل کا فیصلہ فوج کرتی ہے حکومت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور شہباز شریف ہی انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے لیکن اگر نواز شریف واپس آئیں گے تو انتخابی مہم کو وہ لیڈ کریں گے۔ عمران خان جیل سے زیادہ ڈرتے ہیں جبکہ نواز شریف کو عدالت نے باہر جانے کی اجازت دی تھی اور نواز شریف علاج مکمل کر کے آئیں گے اور عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے وہ کبھی جیل سے نہیں گھبرائے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر اس طرح تماشے لگائیں گے تو ملک ڈیفالٹ ہو جائے گا اور جو تماشے ہم نے لگائے ہیں وہی ہماری تباہی کا باعث بن رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں