الیکشن کمیشن نے ترمیم شدہ انتخابی شیڈول جاری کردیا


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ترمیم شدہ انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔ عام انتخابات کے حوالے سے جاری شدہ پروگرام میں الیکشن کمیشن نے معمولی تبدیلی کی ہے جس کے مطابق کاغذات نامزدگی چارسے آٹھ جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی آٹھ جون کو آویزاں کی جائے گی۔

الیکشن پروگرام کے باقی مراحل 31 مئی 2018 کو جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق برقراررہیں گےاورالیکشن کی تاریخ 25 جولائی 2018 ہی ہے۔

31 مئی کو جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق 14 جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، 19 جون کو امیدواروں کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔

اپیلیٹ ٹریبونل میں 26 جون تک ان اپیلوں پر فیصلے ہوں گے جس کے بعد اگلے روز 27 جون کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست شائع کردی جائے گی۔

28 جون کو امیدواراپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 29 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں خواتین، غیرمسلموں کی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں آٹھ  جون تک جمع کرادیں ۔ مخصوص نشستوں سے متعلق ترجیحی فہرستیں متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع ہوں گی۔


متعلقہ خبریں