افغانستان سیریزکیلئے اسکواڈ کا اعلان، کپتانی شاداب خان کے سپرد

فائل فوٹو


 پی سی بی نے افغانستان  کیخلاف سیریزکیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ شاداب خان ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ تمام سینئر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے ہیں اس پر سب کو اتفاق ہے، ہمیں اب ورلڈکپ کا سوچنا ہے، ابھی سے اسسمنٹ کریں گے تو ابھی سے یہ کام کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ سوچا ہے اب تمام ینگ کھلاڑیوں کو موقع دیں گے اور سینئرز کھلاڑیوں کو آرام دیں گے، اس حوالے سے تمام ٹاپ کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا ہے، بابراعظم، رضوان، شاہین، حارث رؤف اور فخر سے بات کرلی ہے انہیں افغانستان کیخلاف سیریز میں آرام دے رہے ہیں، اس پر سارے خوش ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بابر ہمارا بہترین کپتان ہے، وہ ٹیم کےکپتان برقرار ہیں، جس دن وہ کہیں گے اس پر ان کی کپتانی کا فیصلہ کریں گے، ہمارے سینئر کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ان کی جگہ پکی ہے، نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 3میچوں پر مشتمل سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہے ہیں۔ان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے جنہوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا ہےکہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شاداب خان کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف سلیکٹر نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسکواڈ میں احسان اللہ، صائم ایوب، طیب طاہر اور زمان خان ڈیبیو کریں گے۔

اس کے علاوہ اعظم خان، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شان مسعود اور عماد وسیم اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

افغانستان سے سیریز کے لیے آصف علی، حیدر علی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے.


متعلقہ خبریں