ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس میں شامل


کراچی: پیپلزپارٹی کے ناراض رہنما ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا نے گرینڈ  ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

سابق وزیر داخلہ سندھ  ذوالفقار مرزا اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے یہ اعلان گرینڈ  ڈیمو کریٹک الائنس کے سربراہ پیر پگارا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا جس میں پیر پگارا کے چھوٹے بھائی یونس سائیں اور جی ڈی اے کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سندھ کے لیے مشترکہ مقصد رکھنے والوں کو اپنا پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے فیصلہ کیا ہے کہ جی ڈی اے کے ساتھ چلیں گی، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں بچوں کو تعلیم،  صحت اور امن و امان ملے، ذوالفقار اور فہمیدہ مرزا کو جی ڈی اے میں خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے جی ڈی اے کا دائرہ کار پنجاب تک بڑھانے کا اعلان بھی کیا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدا مرزا نے کہا کہ دس سال میں پیپلز پارٹی نے کوئی کام نہیں کیا اور سندھ کی صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ کو مافیا سے آزاد کرانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دس سال میں ہم مزید بدتر حالت میں آ گئے ہیں، تعلیم میں ہنگامی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے، مردم شماری سے پتا چلا کہ بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، اگر نوجوانوں کو تعلیم نہیں دی تو وہ نشے اور دیگر برائیوں کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی شدید کمی ہے، پورے سندھ میں غیر معیاری پانی فراہم کیا جا رہا ہے، 21 ویں صدی میں بھی بچے تعلیم سے محروم ہیں، سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اانتخابات وقت پر اور شفاف ہوں، قسمت بدلنے کا موقع مل رہا ہے، ووٹ بڑی طاقت ہے، پیپلز پارٹی کے منشور پر کوئی کام ہوتا نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے ہر اقدام کو مانیٹر کریں گے، دیکھیں گے کہ کابینہ کیسی آتی ہے، ملک میں تمام خرابیوں کی وجہ کرپشن ہے، پولیس کو غیر سیاسی ہونا چاہیے، ہمیں سندھ کو مافیا سے آزاد کرانا ہے۔

اس موقع پر سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ بدین والوں نے کامیاب جلسہ کرکے دکھایا، بدین میں جنازوں کوغسل دینے کے لیے بھی پانی نہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے بدین کی حد تک خود کو خدا سمجھ لینے والوں کی سوچ توڑ دی ہے، اب بدین میں ان سے کوئی نہیں ڈرتا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میری محنت رنگ لا رہی  ہے، بدین کا معاملہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، لوگوں نے دبئی میں جائیدادیں بنا لی ہیں، انہوں نے کہا کہ بدین کے عوام نے پیغام دیا ہے کہ چور بازاری ہمیں منظور نہیں۔


متعلقہ خبریں