سردار مہتاب کو رولیکس کا تحفہ نہیں دیا گیا، ترجمان پی آئی اے


کراچی: پی آئی اے نے سابق مشیر ہوابازی سردار مہتاب احمد خان کو ان کی الوداعی تقریب میں رولیکس گھڑی تحفے میں دینے کی خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا ہے۔

قومی ایئر لائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے، وہ اس طرح کی مہنگی گھڑیاں اور قیمتی تحائف عوام کے ٹیکس کے پیسے سے کسی کو دینے کا سوچ بھی نہیں سکتی، ترجمان نے بتایا کہ الوداعی تقریب کا انعقاد کسی فائیو اسٹار ہوٹل میں نہیں بلکہ ایک معروف اور معزز کلب میں کیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ مشیر ہوابازی کو دو تحفے دیئے گئے جن میں سے ایک پلاسٹک سے بنی مارخور کی طیارے کی دم کی شبیہ اور انجینئرنگ کی جانب سے بوئنگ 737 کے خراب انجن کے بلیڈ سے بنایا ایک سوونیئرشامل ہیں، اس کے علاوہ انہیں تقریب کی ویڈیو بھی دی گئی جو پی آئی اے نے خود اپنے ذرائع سے بغیر کسی خرچ کے بنائی تھی۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی من گھڑت خبریں پی آئی اے کی از سر نو بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں ریونیو حاصل کرنے کے ٹارگٹ کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔


متعلقہ خبریں