نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور پنجاب میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کے درمیان نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر ڈیڈ لاک کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے اتوار کے روز بنی گالا میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی جس میں پارلیمانی کمیٹی کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے تین ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کی کمیٹی میں میاں محمود الرشید، سبطین خان اور شعیب صدیقی شامل ہوں گے جب کہ عمران خان نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے حسن عسکری اور ایاز امیر کے ناموں کی حتمی منظوری بھی دے دی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی پارلیمانی کمیٹی کے لیے ناموں کوحتمی شکل دے دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ، ملک احمد خان اور خواجہ عمران نذیر مسلم لیگ ن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال پیر کے روز پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کریں گے جبکہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس نوٹی فیکیشن کے بعد پیر کی دوپہر کو ہی متوقع  ہے۔

آئین کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کو تین روز میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا فیصلہ کرنا ہے بصورت دیگر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جو دو دن کے اندر نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرے گا۔


متعلقہ خبریں