اگر ریاست مدینہ بن گئی تو 19 کروڑ لوگوں کے ہاتھ کٹے ہوئے ہوں گے


لاہور: معروف مزاح نگاراور ادیب انور مقصود نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد سارے بے ایمانوں کو معاف کردوں گا۔

ایک سیشن کے دوران انور مقصود نے ماہرہ خان سے سوال پوچھا کہ اگر آپ پاکستان کی وزیراعظم بن گئیں تو سب سے پہلے کیا کام کریں گی؟

ماہرہ خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں اداکار قوی خان کا ڈائیلاگ تھا جس میں انہوں کہا تھا کہ ’یا اللہ کوئی ایسا معجزہ ہوجائے کہ ساری حرام اور حلال کی کمائی میں فرق ہو‘۔

جس پر انور مقصود کا کہنا تھا کہ صرف ایماندار ہونا کافی نہیں ہے، جس طرح ایک گندی مچھلی پورے تالاب کو گندا کرسکتی ہے اسی طرح ایک اکیلا ایماندار شخص پورے ملک کو بے ایمان کرسکتا ہے، اکیلا ایماندار کچھ نہیں کرسکتا، پورا سسٹم تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی یہی سوال انور مقصود سے کیا کہ اگر آپ وزیراعظم بن گئے تو سب سے پہلے کیا کریں گے؟

انور مقصود نے اس پر طنزیہ انداز میں جواب دیا اور بولے وزیراعظم بننے کے بعد سارے بے ایمانوں کو معاف کردوں گا، وہ خود ہی بے ایمانی چھوڑ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سب کو آزاد کردوں گا 30 کروڑ کی آبادی ہے، اگر ریاست مدینہ بن گئی تو 19 کروڑ لوگوں کے ہاتھ کٹے ہوئے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں