شہری ہوجائیں خبردار:گرمی کی لہر دس روز مزید برقرار رہے گی


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا اورکشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔  اندرون سندھ اورمشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹرغلام رسول نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر آئندہ دس روز تک مزید برقرار رہے گی۔ جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چند مقامات پر آندھی آنے کا بھی امکان ہے لیکن گرمی کی شدت برقراررہے گی۔

ڈاکٹرغلام رسول نے پیشن گوئی کی ہے کہ جولائی کے مہینے میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔  انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں پری مون سون بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم جون کے مہینے میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

گزشتہ روز سبی ملک کا گرم ترین علاقہ رہا جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بھکراورموہنجودڑو میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

ڈاکٹروں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پہ سختی سے عملدرآمد کی ہدایات دیتےہوئے کہا ہے کہ افطار و سحر کے درمیان پانی کا بہت زیادہ استعمال کریں، سورج کی روشنی میں گیلے کپڑے سے سرڈھانپ کرنکلیں اور غیرضروری طور پر گھر سے نکلنے سے اجتناب برتیں۔


متعلقہ خبریں