برطانوی وزیراعظم کا سرکاری گھر پہلی دفعہ اذان کی صدا سے گونج اٹھا


لندن:برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پر ایک تاریخی تقریب منعقد ہوئی جہاں پہلی مرتبہ تلاوت قرآن پاک کے بعد اذان کی صدائیں بلند ہوئیں،اس تقریب میں مسلمان بطور مہمان افطارکے لئے شریک تھے۔

برطانوی دفتر خارجہ کے لنکاسٹر ہاؤس میں افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا، برطانیہ میں مقیم ممتاز مسلم رہنماؤں کو دونوں مقامات پر دعوت دی گئی تھی اوروہاں اذان، نماز اور تلاوت قرآن پاک کے لیے خصوصی بندوبست کیا گیا تھا۔

کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین گریگ ہینڈز نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں مہمانوں کا استقبال کیا اور برطانیہ کی ترقی میں مسلمانوں کے تعاون کا اعتراف کیا، انہوں نے اسلام کو امن و سلامتی کے مذہب کے طور پر سراہتے ہوئے مزید کہنا تھاکہ رمضان اب برطانیہ کی مذہبی اور سماجی ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔

لنکاسٹر ہاؤس میں منعقدہ پہلے افطار ڈنر میں برطانوی وزیر خارجہ کیمی بیڈینوچ اور بزنس منسٹر لارڈ جانسن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی اور برطانیہ میں مقیم مسلم برادری کو خراج تحسین پیش کیا،وزرا نے لندن کو دنیا میں اسلامی مالیات کا مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مصر کی جامعہ الازہر کے امام شیخ ہانی سعد محمود تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے اپنی تلاوت کلام پاک سے تمام حاضرین کے دل موہ لئے۔دونوں تقریبات کی خاص بات مشہور شیف سلیمان رضا اور اسپائس ویلج کے تیار کردہ روایتی پاکستانی کھانے تھے، مہمانوں نے لذیذ کھانوں اور منتظمین کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔


متعلقہ خبریں