حمزہ شہباز کے خلاف عائشہ احد نے ایک اور درخواست دے دی


لاہور: عائشہ احد نے حمزہ شہباز اور شہبازشریف کے داماد علی عمران کے خلاف اغوا کے مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرادی۔

سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کی دعویدارخاتون عائشہ احد کی جانب سے درخواست لاہور کے تھانہ جنوبی چھاؤنی میں جمع کرائی گئی ہے۔

عائشہ احد نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ حمزہ شہباز نے نئے گھر میں شفٹ کرنے کے بہانے ماڈل ٹاون کے ایک گھر میں بلایا اور زبردستی سادہ کاغذ اوراسٹام پیپرز پر دستخط کرنے پہ مجبورکیا۔

درخواست کے متن میں درج ہے کہ انکارپرحمزہ شہباز اورعلی عمران نے تشدد کا نشانہ بنایا اور میری بیٹی کوبھی جان سےمارنےکی دھمکی دی۔

درخواست گزارنے مؤقف اپنایا ہے کہ اس دوران اس سے موبائل فون اورجیولری بھی چھین لی گئی۔ تھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس نے عائشہ احد کی جانب سے درخواست وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دو جون کو چیف جسٹس کے حکم پر حمزہ شہباز سمیت  ذوالفقار چیمہ، عتیق ڈوگر اور رانا مقبول کے خلاف عائشہ احد کی مدعیت میں تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں عائشہ احد پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنے کی دفعات شامل ہیں۔

عائشہ احد نامی خاتون کا دعویٰ ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کے ساتھ ان کی 2010 میں شادی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی شادی کے گواہان میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز بھی شامل ہیں۔

عائشہ احد کا دعویٰ ہے کہ اُن کے پاس شریف فیملی کے تمام پیغامات بھی موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں