سورج بدستور سوا نیزے پر، گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے شہری عذاب میں


اسلام آباد: سورج کا غصہ ٹھنڈا نہ ہو سکا اور لوگ بدستور جھلسا دینے والی دھوپ میں تڑپتے اور بارش کی دعائیں مانگتے رہے، ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ شدت مزید دس روز تک رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ گرمی لیہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت 55 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ لاہور، ساہیوال اور ڈی آئی خان میں 51  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ اور پنجاب کے بڑے شہروں میں درجہ حرارت کچھ اس طرح رہا، سکھر اور سرگودھا میں 50، بھکر، خان پور میں 49، قصور، ڈی جی خان اور جہلم میں 48، فیصل آباد، بہاول پور میں 47، گوجرانولہ، حیدرآباد میں 46، ملتان میں 45، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 44، پشاور، دادو میں 42 جبکہ کراچی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اندرون سندھ میرپورماتھیلو میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اکثر علاقوں میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شہرکے اکثر علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفار جل جانے کی وجہ سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا، سیپکو انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسفارمر تبدیل نہ کئے جانے کے خلاف  شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔

میرپورماتھیلوکی طرح ملک بھر میں عوام کو لوڈشیڈنگ کے بدترین عذاب کا سامنا ہے۔ گرمی تو موسم کا حصہ ہے لیکن اس کی شدت میں اضافے کی بڑی وجہ طویل دورانیے کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہے جس نے شہریوں کو دہری مشکل میں مبتلا کررکھا ہے۔

رمضان کا مہنیہ اور سخت گرمی ہونے کے باوجود کے ای سمیت ملک کے بجلی کے تمام محکموں کی جانب سے عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا۔ ہر شہر، ہرقصبے میں کئی کئی گھنٹے کے لیے بجلی بند کردی جاتی ہے جبکہ بعض علاقوں میں کسی خرابی کے باعث جانے والی بجلی واپس آنے کا نام ہی نہیں لیتی۔

اس وقت کراچی ہو یا راولپنڈی ہر جگہ عوام کو بدترین اور طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جس کے سدباب کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے۔


متعلقہ خبریں