نگراں وزیراعلیٰ پنجاب، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل متوقع


لاہور: پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے لیے تشکیل دی جانے والی چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کو متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی چھ جون تک کسی فیصلے تک پہنچنے کی کوشش کرے گی لیکن اگر کوئی متفقہ نام سامنے نہ آ سکا تو آئین کے مطابق معاملہ صوبائی الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جو دو دن میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے اعلان کا پابند ہو گا۔

وزیراعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ڈیڈ لاک کے بعد پیر کے روز پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کا نوٹی فیکیشن اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے جاری کردیا ہے۔

کمیٹی میں ن لیگ کے رانا ثنا اللہ، ملک احمد خان اور خواجہ عمران نذیر جبکہ تحریک انصاف کےمیاں محمود الرشید، سبطین خان اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔

وفاق میں نگراں حکومت کو ذمےداریاں سنبھالے تین  روز گزرنے کے باوجود ابھی تک سوائے سندھ کے کسی صوبے میں بھی نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہیں ہوسکا جبکہ پنجاب وہ واحد صوبہ تھا جہاں سب سے پہلے اپوزیشن اور حزب اختلاف کے مابین نگراں وزیراعلی کے انتخاب پر اتفاق رائے ہوا تھا تا ہم یہ اتفاق صرف دو دن ہی قائم  رہ سکا۔


متعلقہ خبریں