چیف جسٹس کا مارگلہ کی آگ اور پانی کی قلت کا ازخود نوٹس


اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگنے اور ملک بھرمیں پانی کی قلت کا از خود نوٹس لے لیا ہے۔

اسلام آباد میں دونوں ازخود نوٹسز کی سماعت سات جون کو ہوگی۔

سپریم کورٹ نے سات جون کے لیے اٹارنی جنرل، سیکرٹری کیڈ، ماحولیات، میئراسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن، چیف کمشنراسلام آباد اورچیئرمین سی ڈی اے کو طلبی کے نوٹسزجاری کردیے ہیں۔

پانی کی قلت کے معاملے کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا جبکہ چاروں صوبوں میں اس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کی متعلقہ رجسٹریوں میں ہو گی۔

عدالت عظمیٰ کی کراچی اور لاہور رجسٹریز نو اور دس جون کو پانی کی قلت سے متعلق کیس کی سماعت کریں گی۔

مارگلہ ہلز آگ: اسلام آباد کی پہچان سمجھے جانے والے پہاڑی سلسلے مارگلہ ہلز میں آگ لگنے کی وجہ بظاہر گرمی کی شدت کو قرار دیا جاتا ہے لیکن بہت سے باخبر ذرائع اس کا الزام سی ڈی اے افسران پر لگاتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ آگ اپنے مفادات کے لیے جان بوجھ کر لگائی جاتی ہے۔

اس پہاڑی سلسلے میں گزشتہ ہفتے بھی شدید آگ لگی  تھی، آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آگ مارگلہ ہلز کے تفریحی مقام دامن کوہ سے ہوتی ہوئی مونال کے قریب سڑک تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد متعلقہ حکام نے فوج سے مدد کی اپیل کی تھی۔

پانی کی قلت: ماہرین آبی وسائل نے خبردارکیا ہے کہ پاکستان پانی کی قلت کے شکار ممالک میں شامل ہو رہا ہے اور حکومت کے پاس اس بارے میں کوئی پالیسی نہیں، اس وقت ملک کو ایسی پالیسی کی ضرورت ہے جس کے تحت آبی وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے۔


متعلقہ خبریں