لیاری کے نوجوانوں میں مقبول رمضان نائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ

لیاری کے نوجوانوں میں مقبول رمضان نائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ | urduhumnews.wpengine.com

لیاری: کراچی کے گنجان آباد علاقوں میں سے ایک لیاری میں رمضان المبارک کے مہینہ میں رات بھر کھیل کے میدان آباد رہتے ہیں اور نوجوان لڑکے سحری تک کرکٹ اور فٹ بال میں مشغول نظر آتے ہیں۔

کھیل کے میدانوں میں ہونے والی سرگرمیوں میں ایک رمضان نائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ بھی ہے جو ہر سال لیاری میں منعقد کرایا جاتا ہے۔ اس مقابلے میں شہر قائد سے مختلف ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق رواں برس رمضان نائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ میں 64 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

مقامی فٹ بال کلب کے سیکریٹری روشن بلوچ کا کہنا ہے کہ سہولیات نہ ہونے کے باعث رمضان نائٹ ٹورنامنٹ سڑکوں پر کرائے جاتے ہیں۔

کراچی کے علاقے لیاری کا نام سنتے ہی ذہن میں گینگ وار، غربت، بھتہ خوری جیسے الفاظ آتے ہیں لیکن یہاں کے نوجوان فٹ بالر دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہیں۔

کھیلوں کے شائقین اس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ پاکستان میں لیاری ایک ایسی جگہ ہے جہاں کے لوگوں کے خون میں فٹ بال سے محبت پائی جاتی ہے۔

عالمی مقابلوں کے دوران اپنی پسندیدہ ٹیموں کے پرچم لہراتے ہوئے نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں پر تبصرہ کرتے نظر آتے ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ کے دوران اس علاقے کی رونق دیدنی ہوتی ہے۔ نوجوان بڑی اسکرینز پر رات بھر نہ صرف میچ دیکھتے ہیں بلکہ اپنی پسندیدہ ٹیموں کی جیت کا جشن بھی مناتے ہیں۔

کھیل کی نرسری کا درجہ رکھنےو الے لیاری میں اب فٹ بال کے میدان نایاب ہوگئے ہیں۔ 134 رجسٹرڈ  کلبوں کے چھ ہزار فٹ بالرز کے لیے چار مٹی کے میدان موجود ہیں۔

فٹ بال کے مقامی کھلاڑی مہراب کا کہنا ہے کہ لیاری اس کھیل میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ اگر حکومت تعاون کرے تو لیاری کے نوجوان دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں