ریحام خان کی کتاب پر پابندی لگائی جائے، فواد چوہدری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ریحام خان کی کتاب پر پابندی لگائے اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کتاب کے مواد سے متعلق ای میلز کا سراغ لگائے۔

منگل کے روز تحریک انصاف کےترجمان فواد چوہدری اور سینیٹر فیصل جاوید نے پریس کانفرنس کی۔ پی ٹی آئی ترجمان نے دعوی کیا کہ ریحام خان کی کتاب کے پس پردہ رائیونڈ نیٹ ورک ہے۔

عمران خان کی سابق اہلیہ کو پست کردار کی خاتون قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کتاب میں جس قسم کی باتیں ہیں وہ ایک خاتون کیسے اپنے بیٹے یا بیٹی سے ایڈیٹ کروا سکتی ہے۔

شہباز شریف کا اپنا نام بدل لینے کا مشورہ دیتے ہوئے تحریک انصاف رہنما نے عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب کو خاصی دیر موضوع بنائے رکھا۔

فواد چودھری نے دعوی کیا کہ پاکستانی سیاست میں جعلی مواد ماضی میں بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اس مرتبہ بھی عین انتخابات سے کچھ عرصہ قبل کتاب کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں جس قسم کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اس نے ن لیگی حکومت کی قلعی کھول دی ہے، پانچ سال میں ن لیگ نے جتنے دعوے کیے وہ بری طرح ناکام ہوئے۔ دیہی پاکستان کی حالت بہت بری ہے وہ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے، ایک ٹریلین روپے سے زیادہ کا سرکلر ڈیٹ بھی بوجھ بنا ہوا ہے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے رات کو چیئرمین پیمرا کو فون کرنے کی کوشش کی، آج دن کو بھر رابطہ کیا ہے۔ افواہوں پر ٹی وی پروگرام بھی ہو رہے ہیں لیکن اب تک ریحام خان نے کتاب کے مواد کی تردید نہیں کی۔

انہوں نے سوال کیا کہ ریحام خان کی طلاق کو خاصا عرصہ ہوگیا ہے الیکشن سے 60 دن پہلے کتاب کیوں آرہی ہے۔ سیاست میں سیاسی حریفوں کو نیچا دکھانے کے لیے ہمارے مخالفین کسی حد تک بھی جاسکتے ہیں۔

فواد چوہدری نے دعوی کیا کہ ریحام خان کی کتاب کا مواد جنسی نوعیت کا ہے، وہ اس وقت کسی شہزادی جیسی زندگی گزار رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں