29 رمضان المبارک کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں،محکمہ موسمیات


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائنسی لحاظ سے 29 رمضان المبارک کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

ماہرین موسمیات نے وزارت مذہبی امورکو شوال کے چاند کی عمر کے حوالے سے تفصیلات بھیج دی ہیں جس میں اس نے چاند نظرآنے کے حوالے سے اپنی پیشن گوئی بھی کردی ہے۔

عیدالفطر کی آمد قریب آتے ہی ماہ شوال کے چاند کے حوالے سے مختلف طبقہ ہائے فکر کی بھی آرا سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔

ماہرین موسمیات نے بھیجی جانے والی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کی شب 12 بجکر 45 منٹ پر ہوگی۔ اس لحاظ سے غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمرصرف 19 گھنٹے تین منٹ ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق غروب آفتاب کے وقت سے چاند 39 منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا۔  سائنسی طور پر چاند کی عمر 26 گھنٹے42 منٹ ہوتو وہ دکھائی دے سکتا ہے۔

طویل عرصے بعد دنیا میں مسلمانوں کی غالب اکثریت نے ایک ساتھ رمضان المبارک کا آغاز کیا ہے۔ اس لحاظ سے امکان ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت عیدالفطربھی ایک ساتھ ہی منائے گی۔

 


متعلقہ خبریں