لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھ گئے، مساجد کی سیکیورٹی سخت


اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر کے کلمہ گو اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں، اس حوالے سے مساجد میں خصوصی انتظامات جبکہ معتکفین اور مساجد کی سخت سکیورٹی موجود ہے۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’ٹھہر جانے‘ اور ’خود کو روک لینے کے‘ ہیں۔

اعتکاف میں شرکت کیلئے لوگ 20 ویں رمضان سے عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوئے اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم کر کے مساجد سے باہر آئیں گے۔

ملک کی بیشتر مساجد میں اس حوالے سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مساجد میں اعتکاف کے لئے گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے مساجد کی رونقیں مزید بڑھ  گئی ہیں۔

مسلمان رمضان کے آخری عشرے میں دنیاوی معاملات سے کٹ کر اللہ کی خوشنودی کے لئے عبادات میں مصروف ہیں جو یقیناً بہت بڑی سعادت ہے، مرد حضرات مساجد میں قیام  اورعبادت کرتے ہیں جبکہ خواتین گھروں میں اعتکاف کرتی ہیں، طاق راتوں میں مسلمان شب بھر اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات کے لیے دعا کرتے ہیں۔

ملک کی بڑی مساجد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کیے گئے جبکہ اعتکاف بیٹھنے والوں کے لیے مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحر و افطار کا انتظام کیا جائے گا۔

مسجد نبوی میں رواں برس دنیا کے مختلف ممالک سے آئے دس ہزار سے زائد مسلمانوں نے اعتکاف کی سعادت حاصل  کی ہے، ان کے لیے چھت کا ایک حصہ مختص کیا گیا ہے جہاں ان کی ضرورت کی تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔

اسلام آباد میں اعتکاف کا سب سے بڑا اہتمام دعوہ اکیڈمی اور فیصل مسجد انتظامیہ کی طرف سے کیا گیا ہے، فیصل مسجد انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سال معتکفین کی تعداد 700 تھی جبکہ  رواں برس معتکفین 750  سے زیادہ ہیں۔

فیصل مسجد میں رجسٹریشن کے بعد معتکف حضرات کو خصوصی کارڈز جاری کیے گئے ہیں، لاہورمیں بادشاہی مسجد اور محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کر رہے ہیں، کراچی میں ہر سال کی طرح اس بار بھی اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں  ہے جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف کے لیے بیٹھے ہیں۔

روشنیوں کے شہر میں اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرو مندر، بہار شریعت مسجد بہادر آباد، جامع  مسجد آرام  باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاون میں ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں