طوفان بادو باراں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بجلی غائب، نظام زندگی مفلوج

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں گرد آلود تیز آندھی اور موسلا دھار بارش سے کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا لیکن طوفانی ہواؤں کی وجہ سے درجنوں درخت اکھڑ گئے، سائن بورڈز گر گئے اور بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر جانے سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل جم کر برسے، تیز آندھی اور بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، بارش ایئرپورٹ کو بھی لے ڈوبی اور 105 ارب کی لاگت سے حال ہی میں مکمل ہونے والا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پانی پانی ہوگیا، تیز بارش کے باعث ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے لگی اور مسافر بارش  سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات ڈھونڈتے رہے۔

ملکہ کوہسار مری اور گرد ونواح میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور کالی گھٹائیں چھا گئیں، بارش کے ساتھ  ژالہ باری نے مری کو سفید رنگ کی چادر سے ڈھک دیا، گلیات کے دیگر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

ملک کے بالائی علاقوں چترال، دیر، پشاور، کوہاٹ، شانگلہ، ہنگو، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے علاوہ آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں سے بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اٹک، جہلم، چکوال، پنڈ دادن خان، ڈسکہ، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش ہوئی، شہروں اور قصبوں میں بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونا شروع ہوگئے، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گوجرانوالہ اور شکرگڑھ  سمیت مختلف شہروں کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آندھی کے باعث کئی شہروں میں درخت اُکھڑ گئے جبکہ سائن بورڈز بھی سڑکوں پر آگرے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مختلف شہروں میں رمضان بازاروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) کے مطابق لاہور اور گردونواح میں بارش اور طوفان کے سبب لیسکو کے ایک سو اسی سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ لیسکو فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے مگر شدید آندھی کے باعث بجلی بحالی کے کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، ترجمان کے مطابق آندھی کا زور کم ہوتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کئی شہروں میں بدھ کو بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

منگل کے روز سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بھکر میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کازیادہ سے زیادہ  درجہ حرارت 40 اور کم سے کم 30 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، پشاور میں 42 اور 28 ، لاہور میں 43 اور 31 اور مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں