فلسطینیوں کی اپیل: ارجنٹائن کا اسرائیل سے فٹبال میچ منسوخ


اسلام آباد: فلسطینیوں کے شدید احتجاج اور مظاہروں کے بعد ارجنٹائن نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹ بال میچ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ میچ نو جون کو مقبوضہ بیت المقدس کے ٹیڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔

ٹیڈی اسٹیڈیم ایک ایسے فلسطینی گاؤں میں واقع ہے جس پر اسرائیل نے 1948 میں قبضہ کر کے اسے تباہ کردیا تھا۔

ارجنٹائن فٹبال ٹیم کے کھلاڑی Gonzalo Higuain نے میچ کی منسوخی کو درست فیصلہ قرار دیا ہے۔

روس میں 16 جون کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے اسرائیل اور ارجنٹائن کے درمیان یہ آخری وارم اپ میچ تھا۔ میچ سے قبل مظاہرین نے گراؤند کے باہر دھرنا بھی دیا تھا۔

ارجنٹائن میں تعینات فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں ایسی ٹیم کو کھیلتا دیکھنا قابل تکلیف ہوگا جس کے حامیوں کی فلسطین اور عرب دنیا میں بڑی تعداد ہے۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر جبریل رجب کا کہنا ہے کہ میچ کی منسوخی سے اقدار، اخلاقیات اور کھیل کی جیت ہوئی جب کہ اسرائیل کو سرخ کارڈ دکھایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں