پیپلزپارٹی نے اصغر خان کیس میں نام ڈالا، جاوید ہاشمی

پیپلزپارٹی نے اصغر خان کیس میں نام ڈالا، جاوید ہاشمی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اصغر خان کیس میں ان کا نام ڈالا تھا، جس کے بعد پانچ سال کی سزا بھگتی ہے۔ یہ جھوٹا الزام ہے اسے غلط ثابت کرنے کے لیے آج عدالت میں آیا ہوں۔

بدھ کے روز سپریم کورٹ میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کرنے والے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں کل رات سپریم کورٹ کی جانب سے پیشی کا نوٹس ملا جس کی تعمیل کے لیے عدالت عظمی آئے ہیں۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ وکیل بھی بھیج سکتا تھا مگر عدلیہ کے احترام میں خود پیش ہوا۔

انہوں نے کہا کہ الزام لگایا گیا ہے کہ اصغر خان کیس میں آئی ایس آئی نے سیاست دانوں کو رقم دی، ہم الزام لگائیں تو کہتے ہیں ملک دشمن ہیں، اگر ائی ایس ائی ملوث ہے تو اس کا جواب انہوں نے دینا ہے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ نہیں جانتا مقدمہ میں میرا نام کہاں سے آیا کیسے آیا پھر بھی پانچ سال سزا بھگتی۔ میرا نام پیپلز پارٹی نے اس کیس میں ڈالا تھا۔

اپنی پیشی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے سامنے آج بھی کھڑا ہو کر کہا کہ میں حاضر ہوں، یہ جھوٹا الزام ہے اسے غلط ثابت کرنے کے لیے آج یہاں آیا ہوں۔ جو لوگ پورے ملک میں آپ کی جنگ لڑ رہے ہیں وہ ایسا کام کیوں کریں گے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اس ملک میں الیکشن میں دھاندلی ہوتی رہی ہے، یہ نواز شریف کا کام نہیں یہ خفیہ ہاتھ ہمیشہ سیاست دانوں کو استمعال کر کے پھینک دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں