چیف جسٹس نے معاشرےکی جیت کرائی ہے، خدیجہ صدیقی


اسلام آباد: خنجر کے واروں سے شدید زخمی ہونے والی قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے میرے مقدمہ کا ازخود نوٹس لے کر معاشرے کی جیت کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں لوگوں کو انصاف ملنا چاہیے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طاقتور طبقہ انتہائی ظالمانہ انداز سے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے، اس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

انہوں نے ایک سوال پرکہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میری آواز چیف جسٹس ثاقب نثار تک پہنچی اورانہوں نے نوٹس لیا جو بہت بڑی بات ہے۔

پانچ جون کو ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی تھی وہ ان کے مقدمے کا نوٹس لیں۔

خدیجہ صدیقی پرگزشتہ برس مئی میں ملزم شاہ حسین نے اس وقت سرعام حملہ کیا تھا جب وہ اپنی چھوٹی بہن کو اسکول سے لینے  گئی تھیں۔ ہیلمٹ پہنے ہوئے شاہ حسین نے خدیجہ صدیقی پر خنجر سے 23 وارکیے تھے۔ خنجر کے واروں کی تصدیق میڈیکل رپورٹ میں بھی ہوئی تھی۔

ملزم کے خلاف تھانہ سول لائنز میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اس مقدمے میں شاہ حسین کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سیشن کورٹ نے دی گئی سزا کی مدت کو کم کرکے پانچ سال کردیا تھا۔ سزا کے خلاف ملزم نے لاہور ہائی کورٹ میں اپیل کر رکھی تھی۔

چارجون کو لاہورہائی کورٹ نے اس مقدمے پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم شاہ حسین کو بری کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں