(ن) لیگ بجلی کو لے کر کہاں جائے گی؟ مائزہ حمید کا سوال


اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید گجر نے سوال کیا ہے کہ ن لیگ بجلی کو لے کرکہاں جائے گی؟ انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں بجلی کی طویل بندش(لوڈشیڈنگ) نہیں تھی اب اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے ہو رہی ہے تو کیا یہ قبل ازانتخابات دھاندلی نہیں ہے؟

سابق رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید گجر نے ’ہم نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دو دن پہلے تک لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی تھی،اچانک کیسے شروع ہوگئی؟ انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت ایک دن کی ہو یا ایک ماہ کی،ان سے لوڈشیڈنگ کے متعلق پوچھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے حکومت کے پہلے سال ہی کہہ دیا تھا کہ لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے لیکن ہماری حکومت کو دھرنا سیاست کی نذر کردیا گیا۔

پی ایم ایل (ن) کی رہنما مائزہ حمید گجر نے کہا کہ نوازشریف نے وعدہ کیا تھا کہ تین سے چارسالوں میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھرپور کوشش کی کہ ایک گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہ ہو۔

سابق ایم این اے مائزہ حمید نے کہا کہ ہمیں نندی پور پراجیکٹ جیسے کرپشن کے شاہکار منصوبے ملے لیکن ن لیگ نے وہ کام کیا جو کسی اور نے نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے بجلی کی ٹرانسمیشن کے مسئلے کو حل کرنے کے اقدامات اٹھائے  حالانکہ پی پی دورحکومت میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔

مائزہ حمید گجر نے دعویٰ کیا کہ  ن لیگ نے19 جامعات (یونیورسٹیز) بنائیں اور جنوبی پنجاب میں دانش اسکول سمیت دیگر تعلیمی منصوبوں پرمثالی کام کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان اور پیپلز پارٹی نے ملک اور عوام کو کیا دیا؟


متعلقہ خبریں