ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ لاپرواہی ہے، عمر شیخ


اسلام آباد: ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) موٹروے پولیس محمد عمر شیخ نے لاپرواہی کو ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔

ہم نیوز کے مارننک شو’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی محمد عمر شیخ کا کہنا تھا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعمال، سگریٹ نوشی اوربچوں کے ساتھ مصروف رہنا حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔

دوران گفتگو عمرشیخ نے بتایا کہ گرینڈ ٹرنک (جی ٹی) روڈ پر ٹریفک حادثات زیادہ ہوتے ہیں جب کہ موٹروے پر ٹریفک حادثات کی تعداد نسبتاً کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پرحادثات کے کم ہونے کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ موٹروے پر کیمرے نصب ہیں جن کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کی جاتی ہے۔

عمر شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ موٹر وے کو بہتر استعمال کریں۔ انہوں نے عوام کو سیٹ بیلٹ کے استعمال کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں کیونکہ اس سے حادثات کم ہوتے ہیں۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ عوام کو حادثات سے بچانے کے لیے موٹر وے پولیس مختلف اقدامات کرتی ہیں جس میں سب سے زیادہ قابل ذکر رات کو ڈرائیورز کو نیند سے جگانے کے لیے ٹھنڈے پانی کا استعمال ہے۔

ڈی آئی جی موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس بہترین ماڈل ہے جس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اداکاروں، کھلاڑیوں اور سیاست دانوں کا بھی چالان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں