پٹرولیم مسائل کے حل کی جامع حکمت عملی تیار کی جائے، نگراں وزیراعظم


اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس ( ر) ناصر الملک کی زیرصدارت پٹرولیم کے شعبے سے متعلق بریفنگ اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری پٹرولیم سکندر سلطان اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری بھی شریک تھے۔

سیکرٹری پٹرولیم نے نگراں وزیراعظم کو پٹرولیم کے شعبہ کی صورتحال اور بالخصوص گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی رسد  اور طلب کے بارے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں گیس صارفین کی تعداد 80 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے جبکہ ملک میں سالانہ پانچ لاکھ گیس صارفین کا اضافہ ہو رہا ہے، 2030 تک ایل این جی کی ضرورت 3600 ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گی، توانائی کی ضروریات 38 فیصد گیس اور 34 فیصد آئل سے پوری کی جا رہی ہیں۔

بریفنگ کے دوران سیکرٹری پٹرولیم نے گیس کی فروخت کے نرخوں سمیت پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق مختلف مسائل کو بھی اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نگراں حکومت کے دائرہ اختیار کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے علاوہ پٹرولیم سے متعلق مسائل کے حل کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جانی چاہیے جو آئندہ منتخب حکومت کے بھی کام آ سکے۔


متعلقہ خبریں