حسن عسکری کا نام متفقہ طور پر فائنل کیا گیا، الیکشن کمیشن


اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کا نام متفقہ طور پر فائنل کیا گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نون لیگ کی جانب سے حسن عسکری کا نام مسترد کیے جانے اور فیصلے پر نظر ثانی کے مطالبے پر گفتگو میں کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کا انتخاب سیاستدانوں کا کام تھا جو انہوں نے نہیں کیا، ہمیں چار نام بھیجے گئے تھے اور ہمارے پاس ایک آئینی تقاضہ تھا جسے مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا گیا۔

الطاف خان نے کہا کہ ان چار ناموں پر انتہائی آئینی اور قانونی طریقے سے مشاورت کی گئی اور ہر چیز کو پرکھا گیا، الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان اور چیف الیکشن کمشنر نے حسن عسکری کے نام  پر متفقہ فیصلہ کیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی دباؤ میں نہیں بلکہ میرٹ پر کام کرتا ہے، ہم نے آئین و قانون کے تحت چلنا ہے اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، حسن عسکری کے نام کا فیصلہ بھی آئین و قانون کے دائرے میں ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں