امریکی نائب صدر کی نگراں وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد


اسلام آباد: امریکی نائب صدرمائیک پنس نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کو ٹیلی فون کر کے عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے نگراں وزیراعظم کے اعلی کیریئرکی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہارکیا کہ وہ عام انتخابات میں منصفانہ کردارادا کریں گے، امریکی نائب صدر نے جسٹس (ر) ناصرالملک کو امریکی صدر کا پیغام بھی پہنچایا، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اورامریکہ مل کر افغانستان میں امن کے لئے کام کریں گے۔

نگراں وزیراعظم نے امریکی نائب صدر کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان نہ صرف افغانستان بلکہ خطے میں مجموعی طور پر امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں، افغانستان میں طالبان کے بڑھتے اثرونفوذ کی وجہ سے امریکہ پریشان ہے اور اس سلسلے میں پاکستان سے مدد کا خواہاں ہے۔

 


متعلقہ خبریں