لاہور: قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر 30 سے زائد امیدواروں کے کاغذات جمع


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر پہلے روز 30 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف کی یاسمین راشد نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 125 اور جمشید اقبال نے این اے 127 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ احمد حسان نے این اے 130، ملک پرویز نے این اے 127 اور وحید عالم نے این اے 133 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے این اے 130 اور امیر العظیم نے این اے 135 سے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے میاں حفیظ کاردار نے این اے 125 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ برابری پارٹی کے سربراہ جواد احمد نے این اے 132 سے انتخاب لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

لاہور میں قومی اسمبلی کے 14 حلقوں سے 500 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر رکھے ہیں جبکہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ  آٹھ  جون سے بڑھا  کر گیارہ جون کردی گئی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف نے تاحال کاغذات نامزدگی حاصل نہیں کیے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 27 جون کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 28 جون کو امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور 29 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 جولائی کو عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں