حسن عسکری پر ن لیگ کے اعتراضات، بابر اعوان کا جواب


اسلام آباد: بابراعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کو تین وجوہ کی بنا پر حسن عسکری کے نگراں وزیراعلیٰ بننے پر اعتراض ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر شائع اپنے ایک پیغام میں ن لیگ کی تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کردہ حسن عسکری اس لیے ن لیگ کو قبول نہیں کیونکہ ان میں 35 پنکچر لگانے کی صلاحیت موجود نہیں اور نہ وہ کبھی جاتی امرا کے دربار میں حاضر ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا ہے  کہ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ آدمی کیسے وزیراعلیٰ بن سکتا ہے۔

بابر اعوان کا یہ ٹویٹ ن لیگ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حسن عسکری کے نام پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

ن لیگ کا کہنا تھا کہ حسن عسکری ایک جانبدار انسان ہیں جب کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ان کا نامزد ہونا بدقسمتی ہے کیونکہ ان کے بیانات سے مسلم لیگ کے ساتھ ان کا تعصب نظر آتا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حسن عسکری کا نام منتخب کرکے انتخابات کو مشکوک بنا دیا ہے۔


متعلقہ خبریں