تحریک انصاف میں اختلافات، پارٹی ٹکٹوں کا اعلان نہ ہو سکا

تحریک انصاف میں اختلافات، پارٹی ٹکٹوں کا اعلان نہ ہو سکا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف میں مبینہ اندرونی اختلافات کے باعث دوسری ڈیڈ لائن بھی گزر گئی تاہم الیکشن 2018 کے امیدواروں کے لیے پارٹی ٹکٹوں کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔

تحریک انصاف کے سیاسی معاملات پر نظر رکھے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سربراہی میں مسلسل اجلاس منعقد کرنے والے پارلیمانی بورڈ کو کئی امیدواروں کو ٹکٹوں کے اجرا میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تحریک انصاف کے 60 فیصد امیدواروں کا اعلان جمعرات کو کیا جانا تھا لیکن پارٹی میں اختلافات اور گروہ بندی کی وجہ سے ان کے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔

پی ٹی آئی میں کئی نشستوں پر متعدد امیدواروں میں بددستور مقابلہ کی کیفیت برقرارہے۔ پارٹی کی جانب سے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ایسے حلقوں میں بہتر امیدوار کے تعین کے لیے خفیہ سروے بھی کروائے گئے ہیں تاہم کسی نتیجہ پر نہیں پہنچا جا سکا ہے۔

عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں بھی کئی امیدواروں کوٹکٹوں کے اجرا میں مشکلات کا سامنا رہا۔

پی ٹی آئی الیکشن سیل کے مطابق ٹکٹ ہولڈرز کے ناموں کا اعلان آج کیے جانے کا امکان ہے۔

دریں اثناء ایک غیر مصدقہ فہرست بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زیرگرد ہے جس میں خیبرپختونخوا کے حلقوں اور ان کے ممکنہ امیدواروں کے نام موجود ہیں تاہم اس فہرست میں بھی متعدد نشستوں کے سامنے کسی امیدوار کا نام موجود نہیں ہے، جو اس خدشے کو تقویت دیتا ہے کہ معاملات ابھی تک حتمی مرحلے پر نہیں پہنچے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ عام انتخابات یا الیکشن 2018 کے لیے 25 جولائی کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کیے جانے کا ابتدائی مرحلہ تکمیل کے قریب ہے۔ 11 یا 12 جولائی کو انتخابی کمیشن نے الیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کرنی ہے۔


متعلقہ خبریں