امریکہ نے چینی کمپنی زیڈ ٹی ای پر ایک ارب ڈالرز کا جرمانہ کردیا


اسلام آباد: امریکہ نے چین کی ٹیلی کام کمپنی زیڈ ٹی ای پر ایک ارب ڈالرز کا جرمانہ کردیا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق چینی کمپنی پر جرمانہ امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔ زیڈ ٹی ای کمپنی نے پہلے ہی ایران اور شمالی کوریا کو آلات بیچنے پر تقریباً ایک ارب ڈالرزجرمانہ ادا کیا ہے۔

زیڈ ٹی ای پر امریکی مصنوعات درآمد کرنے کی پابندی لگائی جا چکی ہے۔

مئی 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی کمپنی زیڈ ٹی ای پر سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ نے تجارتی معاہدوں میں چین کو بہت کچھ دیا ہے، اب چین کی امریکہ کو بہت کچھ دینے کی باری ہے۔

امریکی قانون سازوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے زیڈ ٹی ای کی پابندیوں میں نرمی کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ چینی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

امریکی قانون سازوں  نے زور دیا تھا کہ امریکا کے محکمہ تجارت کے اس فیصلے کو ختم نہ کیا جائے جو چینی کمپنی پر امریکی آلات اورسافٹ ویئر بیچنے پر پابندی عائد کرتا ہے۔

اس پابندی نے زیڈ ٹی ای کو امریکا میں اپنے آپریشن بند کرنے پر مجبور کردیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسی دوران امریکی صدرٹرمپ کا یہ بیان سامنے آیا کہ انہوں نے امریکی محکمہ تجارت کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان پابندیوں کو ختم کرنے کے اقدامات کرے۔

مبصرین کے مطابق امریکی صدر کی اس کوشش کے مقصد سوائے اس کے اور کچھ نہ تھا کہ چینی کمپنی دوبارہ امریکہ میں کام کرنے کی اہل ہو جائے۔

ڈیموکریٹ سے تعلق رکھنے والے 33 امریکی سینیٹرز نے اسی وقت اپنے دستخط شدہ خط میں امریکی صدرپر زور دیا تھا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔


متعلقہ خبریں