نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس


اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 25 واں اجلاس جمعہ کے روز ایوان وزیراعظم میں منعقد ہوا۔

وزیر داخلہ، وزیرقانون، وزیرخزانہ، وزیردفاع و خارجہ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، مشیر برائے قومی سلامتی اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ملک کی مجموعی سیکیورٹی اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کمیٹی کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق بریفنگ دی۔

قومی سلامتی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق قانونی اور انتظامی اقدامات سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کیا گیا، جس کے بعد شرکاء نے ایف اے ٹی ایف کیلیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے طے کیا کہ اب تک کی کارکردگی، ایف اے ٹی ایف سیکرٹریٹ کے ساتھ شیئر کی جائے۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایف اے ٹی ایف اور دیگر بین الاقوامی تنظمیوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر نگران وزیراعظم نے امریکی نائب صدر سے ہونے والی گفتگو پر کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔


متعلقہ خبریں