سنگا پور مذاکرات میں کورین جنگ کے خاتمے کے معاہدے کا امکان


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات میں اس بات کا قوی امکان ہے کہ کورین جنگ کے باضابطہ خاتمے کے معاہدے پر دستخط کردیے جائیں۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ سنگاپورمیں شمالی کوریائی اورامریکی سربراہوں کی متوقع ملاقات میں جوہری ہتھیاروں سمیت مختلف امور زیرغور آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو بتا دیا ہے کہ جوہری پروگرام کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات چاہتے ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سنگا پورمذاکرات کے مثبت نتائج کے لیے پرامید ہیں جبکہ امریکی صدر بات چیت میں صرف جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر ہی متفق ہوں گے۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو مزید پابندیاں بڑھائی جائیں گی لیکن امید ہے کہ ایسا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ مذاکراتی عمل سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔

گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے طے شدہ ملاقات ختم کرنے کی دھمکی دے دی تھی، شمالی کوریا کا موقف تھا کہ اگر امریکا نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالا تو ہوسکتا ہے کہ یہ ملاقات نہ ہوسکے تا ہم گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے ملاقات شیڈول کے مطابق ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے بعد تعلقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے جبکہ اس ملاقات سے بھی مثبت توقعات ہیں۔


متعلقہ خبریں