جی سیون سے امریکا کو نکالا جاسکتا ہے، فرانس


لامالبے/ کیوبک: فرانس کے صدر ایمینیول میکرون نے کہا ہے کہ امریکی پالیسیوں کے پیش نظرجی سیون سے امریکہ  کو نکالا جا سکتا ہے لیکن شاید ٹرمپ کو تنہا ہونے کی فکر نہیں۔

جی سیون سمٹ کے لیے کینیڈا کے شہر لامالبے پہنچنے پر اپنی گفتگو میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران معاہدہ ختم کرکے امریکہ نے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا۔

ایمینیول میکرون نے کہا کہ اگر امریکہ کا یہی طرز عمل رہا تو ضرورت  پڑنے پر جی سیون کی جگہ جی سکس بنا سکتے ہیں کیونکہ جی سکس ممالک کی مارکیٹ امریکہ سے زیادہ بڑی ہے اس لیے واشگٹن کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے، ایسا نہ ہو کہ ٹرمپ حکومت امریکہ کو تنہا کر دے۔

جی سیون اجلاس آٹھ اور نو جون کو ہو گا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شریک ہوں گے۔

جی سیون ممالک:

دنیا کے ترقی یافتہ ممالک جی سیون ممالک کی تنظیم کا حصہ ہیں جن میں امریکہ، کینیڈا، جاپان، اٹلی، فرانس، برطانیہ اور جرمنی شامل ہیں، ہر برس جی سیون ممالک کے سربراہوں کا اجلاس ہوتا ہے جس میں دنیا بھر کے مسائل زیر غور لائے جاتے ہیں۔

گزشتہ برس جی سیون اجلاس اٹلی کے شہر تاؤ رمینا میں منعقد کیا گیا تھا جس کے اہم موضوعات متنازعہ بحیرہ جنوبی چین کا معاملہ اور شامی بحران تھے تا ہم رواں برس توقع کی جارہی ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے اثرات رواں برس جی سیون اجلاس کا ایک اہم موضوع  ہو گا۔


متعلقہ خبریں