سپریم کورٹ : تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان طلب

فوٹو: فائل


لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان  جسٹس ثاقب نثار نے میڈیا مالکان کو حکم دیا ہے کہ قرض لیں، بھیک مانگیں، گاڑیاں اور مکان گروی رکھیں لیکن ملازمین کو تنخواہیں ادا کریں۔

سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں  دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے عدالتی حکم کے باوجود تنخواہیں نہ دینے پر برہمی کا اظہارکیا۔ عدالت عظمیٰ کے سربراہ نے واضح کیا کہ جس  نے   تنخواہ اورواجبات ادا نہ کیے اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

کیپیٹل ٹی وی سے متعلق خصوصی حکم جاری کرتے ہوئے چیف جسٹس نے چینل کےمالک احمد ریاض شیخ کو ہدایت کی کہ میڈیا ورکرز کو ہر صورت تنخواہ ادا کی جائے۔

صدر الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن نے عدالت کو بتایا کہ میڈیا مالکان تنخواہیں مانگنے پر صحافیوں کو نوکریوں سے نکال رہے ہیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کرانے کی دهمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

عدالت نے تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان کو کل طلب کرتے ہوئے میڈیا اداروں سے نکالے گئے صحافیوں کی برطرفیاں بھی معطل کردیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیا کہ آئندہ کسی صحافی کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا، جس میڈیا مالک نے تنخواہ اور واجبات ادا نہ کیے، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کل گیارہ جون کومیڈیا مالکان اورسیکرٹری اطلاعات کو طلب کرلیا ہے۔


متعلقہ خبریں