شہباز شریف کا کراچی سے انتخاب لڑنے کا اعلان


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

مسلم لیگ ن کے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کراچی کے علاوہ ڈیرہ غازی خان سے بھی انتخاب لڑیں گے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 248، 249 اور 250 جبکہ ڈیرہ غازی خان کی نشست 192  اور لاہور کی نشست 132 سے امیدوار ہوں گے۔

کراچی سے شہباز شریف کے انتخاب لڑنے کے لیے مسلم لیگ ن کے رہنما سلیم ضیا نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں جبکہ شہباز شریف پیر کو خود کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سلیم ضیا نے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کراچی سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ شہر کی محرومیاں دور کرنے کی کوششوں میں تیزی لانے کے لیے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن بھی مسلم لیگ ن کی وجہ سے بحال ہوا ہے، بنیادی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے شہر شدید مشکلات کا شکار ہے تاہم شہباز شریف پہلے ہی کراچی میں واٹر پلانٹس لگانے کا اعلان کرچکے ہیں۔

سلیم ضیا نے کہا کہ ایم کیو ایم کو لوگوں نے بار بار آزمایا ہے لیکن انہوں نے شہر کو کچھ نہیں دیا، اب مسلم لیگ ن کراچی کے حوالے سے بہتر فیصلے کرے گی اور چھ مہینے کے اندر اندر شہر کی قسمت بدل کر رکھ دے گی۔

سلیم ضیا نے دعویٰ کیا کہ کراچی کو بھی پنجاب کی طرح روشن کر دیں گے۔


متعلقہ خبریں