ن لیگ کے صدر کا بھی پارلیمانی بورڈ نے انٹرویو لیا، مریم نواز


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ کے صدر کا بھی پارلیمانی بورڈ نے انٹرویو لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرمریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایسا صرف ن لیگ میں ہی ہوسکتا ہے کہ پارٹی کا صدر بھی پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہو۔


اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے علاوہ ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور مریم نواز نے بھی پارلیمانی بورڈ میں پیش ہو کر انٹرویوز دیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا یہ ٹویٹ چوہدری نثارعلی خان کی اس پریس کانفرنس کا جواب ہے جس میں انہوں نے واضح الفاظ میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دینے سے انکار کیا تھا۔ ان دنوں لاہور میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری ہے جس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے انٹرویوز ہو رہے ہیں۔

ہفتہ کے روز سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا  کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹوں کے اجرا کے معاملے پر میاں نوازشریف اور شہباز شریف میں کوئی اختلاف نہیں اوراب بھی پارٹی کی یہی پالیسی ہے کہ جو بورڈ کے سامنے پیش ہوگا صرف اسی کو انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے پرغور کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں