چوہدری نثار نے ٹیکسلا سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے


ٹیکسلا: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری نثارعلی خان نے ٹیکسلا کے حلقہ این اے 63 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما ملک عمر فاروق اور چوہدری نثارعلی خان کے پی آر او سردار سلطان نے ان کے کاغذات جمع کرائے، چوہدری نثارعلی کے کاغذات آزاد امیدوار کے طور پر جمع کرائے گئے ہیں کیونکہ انہیں ابھی تک ان کی پارٹی کی جانب سے ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی برطرفی سے قبل ہی چوہدری نثارعلی خان اور نواز شریف کے درمیان اختلافات جنم لے چکے تھے جو آخری حد تک شدت اختیار کر چکے ہیں، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے اختلافات ختم کرانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ اب تک اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف بغیر درخواست کے چوہدری نثار علی خان کو پارٹی ٹکٹ دینے کے خواہشمند ہیں  لیکن مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف چاہتے ہیں کہ چوہدری نثار ٹکٹ کے لیے باقاعدہ درخواست دیں اور پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہوں۔

مبصرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ چوہدری نثار علی خان ن لیگ کی جانب سے الیکشن لڑیں گے یا آزاد حثیثت میں ہی اپنی پرانی نشست کا دفاع کریں گے۔


متعلقہ خبریں