تاریخی ملاقات کے لیے ٹرمپ اور کم جانگ سنگاپور پہنچ گئے


سنگاپور: امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان تاریخی ملاقات کے لیے سنگاپور پہنچ گئے ہیں۔

ملاقات کے لیے پہلے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سنگاپور پہنچے جبکہ امریکی صدر کی آمد ان کے بعد ہوئی، کم جانگ کا سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ پہنچنے پر وزیرخارجہ ویویان بلکر شنان  نے استقبال کیا اور اس کی ایک تصویر بھی اپنے  ٹویٹراکاؤنٹ  پر شیئر کی۔

شمالی کوریا کے رہنما نے سنگاپور کے وزیراعظم لی ہیسن لونگ  سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ کم جانگ کی آمد کے کئی گھنٹوں بعد امریکی صدر بھی ائیر فورس ون کے ذریعے سنگاپورپہنچے، ان کا استقبال بھی وزیرخارجہ نے ہی کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 12 جون کو ہوگی جس کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا چکے ہیں۔

مبصرین اس ملاقات کو دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت اور تاریخی قدم قرار دے رہے ہیں جبکہ امریکی صدر خود بھی اس ملاقات کے مثبت نتائج کے لیے پرامید ہیں۔


متعلقہ خبریں