پیپلزپارٹی نے سندھ سے انتخابی امیدواروں کا اعلان کر دیا


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 160 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کا گڑھ  سمجھے جانے والے کراچی کے علاقے لیاری کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 246  اور لاڑکانہ کی نشست این اے 200 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری این اے 213 شہید بے نظیر آباد سے جبکہ سید خورشید شاہ این اے 206 سکھر سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

این اے 196 جیکب آباد سے پیپلزپارٹی کے رہنما میر اعجاز حسین جاکھرانی، این اے 220 عمر کوٹ سے نواب یوسف  تالپور، این اے 223 مٹیاری سے مخدوم جمیل الزماں، این اے 228 ٹنڈو محمد خان سے نوید قمر، این اے 243 کراچی ایسٹ سے شہلا رضا سمیت دیگر کو ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں۔

آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 10 لاڑکانہ ون ، نثار کھوڑو پی ایس 11 لاڑکانہ ٹو، سینیٹر سعید غنی پی ایس 104 اور لیاری کی نشست پی ایس 107 سے جاوید ناگوری کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی نے پہلے مرحلے میں صرف سندھ سے امیدواروں کا اعلان کیا ہے جبکہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں سے جلد اعلان کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں