بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق گرم اور خشک موسم نے ملک کے اکثر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے لیکن مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

آج ملک کے بیشتر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

اتوار کے روز تربت 51 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا لیکن ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، سکھر ڈویژن، گلگت بلتستان  اور کشمیر میں بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز صوبہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ملتان میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

بلوچستان کا موسم بھی گرم اور خشک رہے گا اور زیادہ سے زیادہ سے درجہ حرارت بارکھان میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

کراچی، سکھر اور حیدر آباد کا موسم آئندہ تین روز تک گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے اور زیاد سے زیادہ درجہ حرارت حیدر آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں