6 نوجوانوں کی شہادت پر کشمیر میں احتجاج

فوٹو: فائل


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے ہاتھوں گزشتہ روز چھ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔ سوپور میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج نے یمبر زلواری کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر رکھی ہیں اور مریضوں کو بھی قریب واقع سوپور اسپتال جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

اساتذہ اور طلبہ بھی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے اسکول میں حاضری نہ دے سکے۔

بھارتی فوج نے ہندواڑا سے احتجاج کرنے والے تین بزرگ شہریوں کو حراست میں لیا ہے جس کے بعد آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئیر رہنما محمد اشرف صحرائی نے اس گرفتاری کی مذمت کی ہے ۔

گزشتہ روز بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ میں فائرنگ کرکے چھ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ اس سے قبل بھی ضلع کپواڑا میں قابض بھارتی فورسز نے تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔ ان نوجوانوں کو ماچھل کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا تھا۔

بھارتی فوج نے مئی میں جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اب تک درجن سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔ اپریل کے مہینہ میں بھی 33 کشمیریوں کو شہید جب کہ درجنوں کو زخمی کیا گیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کا سلسلہ بڑھ رہا ہے، اس دوران کشمیری نوجوانوں کو خاص طور پر ہدف بنایا جا رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں