کابل اور قندوز میں حملے، 27 افراد ہلاک


کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں خودکش حملے میں 12 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ کابل کے وسط میں واقع افغانستان کی  وزارت  دیہی ترقی کی عمارت کے مرکزی دروازے پر ہوا ہے۔

وزارت صحت کے حکام کے مطابق حملہ دن  ایک بجے اس وقت ہوا جب عمارت میں کام کرنے والا عملہ باہر نکل رہا تھا، اسلامک اسٹیٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ خودکش حملے کا نشانہ بننے والوں میں وزارت دیہی ترقی میں کام کرنے والے عملے کے بیوی بچے بھی شامل ہیں جبکہ پبلک ہیلتھ کے ترجمان واحد مجروح  نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کوئی بچہ شامل نہیں۔

افغان حکومت  اور طالبان عیدالفطر کے لئے تین روزہ  جنگ بندی کا اعلان کر چکے ہیں تاہم اکتوبر کے مجوزہ انتخابات کی وجہ سے افغانستان میں خونریزی میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پیر کے روز افغانستان کے ایک اور اہم شہر قندوز میں بھی عسکریت پسندوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دس افغان فوجی اورپانچ پولیس اہل کار ہلاک ہوئے۔

افغانستان کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، چند  روز قبل ایک موٹرسائیکل سوار حملہ آور نے علما کے ایک اجتماع میں خود کش حملہ کیا تھا جس میں 14 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اپریل میں کابل میں دو دھماکوں میں نو صحافیوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، اس واقعہ سے ایک  ہفتہ قبل ووٹر رجسٹریشن کے دفتر کے باہر خودکش حملے میں 60 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں