نوازشریف کو مقدمات میں مزید ڈھیل نہیں دینی چاہیے، فواد چوہدری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ اداروں میں سابق حکومت کی طرف سے کی گئی تقرریاں ختم کی جائیں، ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ پر مسلم لیگ ن کے امیدوار نامزد ہو رہے ہیں اس لئے الیکشن کمیشن بیوروکریسی میں فوری تبدیلیاں کرے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ حارث مقدمہ لٹکا رہے ہیں، نوازشریف اور ان کا خاندان دلدل میں پھنس چکا ہے، ان کے خلاف مقدمات میں پہلے ہی بہت تاخیرہو چکی ہے مزید ڈھیل نہیں دینی چاہیے، شریف فیملی نے سپریم کورٹ میں جائیداد کے سوال پر کہا کہ عربی شیخ نے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کو دی گئی 90 فی صد ٹکٹوں پر کوئی مسئلہ نہیں، 178 میں سے 104 ٹکٹیں پرانے لوگوں کو ملی ہیں جبکہ 22 ن لیگ اور18 پیپلزپارٹی سے آنے والوں کو دی گئی ہیں، جنہیں ٹکٹ نہیں ملا وہ بھی نئے پاکستان کا حصہ ہیں اورحکومت ملی تو تمام لوگ نئے پاکستان کی جدوجہد میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کے لئے پاکستان تحریک انصاف آن لائن درخواستیں لینے والی پہلی جماعت ہے، ہم نے بہت تحقیقات کرکے امیدوار میدان میں اتارے ہیں پھر بھی غلطی ہوسکتی ہے، نظرثانی کے لیے بھی ویب سائٹ پر فارم بنایا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارامقابلہ ن لیگ سے زیادہ آزاد امیدواروں سے ہو گا، مسلم لیگ ن ابھی تک اپنے امیدواروں کو فائنل ہی نہیں کر سکی۔

بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر فواد چوہدری نے کہا کہ اس سلسلے میں عمران خان نے نگراں حکومت کو خط  لکھ  دیا ہے ہمیں ان کے جواب کا انتظار ہے البتہ پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر کل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف کے اس بیان پر کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اب ہماری ذمہ داری نہیں، فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بجلی تھی یا بریانی جو جاتے جاتے ساتھ  لے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں