ليلۃ القدر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے


اسلام آباد: پاکستان بھر میں ليلۃ القدر مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے اور تلاوتِ قرآن پاک اور نفلی عبادات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مسلمان اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لئے رات بھر خصوصی نوافل ادا کریں گے اور اپنی مغفرت اور بخشش کے ساتھ ساتھ  پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگیں گے۔

27 ویں شب میں مساجد میں ختم قرآن کے اجتماعات بھی منعقد ہو رہے ہیں جبکہ اجتماعی دعاؤں، محافل شبینہ اور ذکر و اذکار کا سلسلہ بھی جاری ہے، اس موقع پر ہر آنکھ نم  ہے ، ہر کوئی اپنے رب کے حضور سر بسجود ہے اور ہاتھ  دعائے مغفرت کے لیے بلند ہیں۔

ليلۃ القدر کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

رمضان المبارک میں ربِ ذوالجلال نے بڑی حکمتیں رکھی ہیں جو رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے، ماہ مبارکہ کے آخری عشرے میں قرآن کریم، لوحِ محفوظ سے بیت المعمور پر اتارا گیا اور اسی عشرے میں ایک ایسی رات بھی ہے جو ہزار راتوں سے بہتر اور اللہ تعالیٰ سے مانگنے کی رات کہلاتی ہے۔

اس رات کا اجر اور فضیلتیں تو کائنات کا رب ہی بہتر جانتا ہے مگر احادیث اور روایات سے ثابت ہے کہ اس رات جبرئیل امین کی قیادت میں فرشتوں کا قافلہ زمین پر اترتا ہے اور عبادت کرنے والوں کی مغفرت کیلئے طلوعِ آفتاب تک دعا کرتا ہے۔

علما کے مطابق نزولِ قرآن کا سلسلہ بھی اسی مبارک شب سے شروع ہوا جسے ایک ایسا ضابطہ حیات ہونے کا شرف حاصل ہے جو رہتی دنیا تک انسانوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔


متعلقہ خبریں