شہباز شریف کراچی کے تین حلقوں سے انتخاب لڑیں گے


کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی کے تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

شہباز شریف نے کراچی کے حلقہ این اے 248، این اے 249 اور این اے 250 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 248 ماڑی پور، گابوپٹ، ہاکس بے، مشرف کالونی، بدھنی گوٹھ، کسٹم ہاؤس، پی اے ایف بیس مسرور اور مواچھ گوٹھ  پر مشتمل ہے، این اے 249 بلدیہ ٹاؤن جبکہ این اے 250  سائٹ سب ڈویژن اور اورنگی ٹاون پر مشتمل ہے۔

اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کراچی کے علاوہ حلقہ این اے 132 اور این اے 124 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے ہیں، این اے 132 سے پیپلزپارٹی کی ثمینہ خالد  گھرکی سے ان کا مقابلہ ہو گا، اسی طرح مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے حلقہ این اے 125 اور این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 200 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں، وہ کراچی کے علاقے لیاری اور خیبرپختونخوا کے علاقے مالاکنڈ سے بھی قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے، اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی اور لاہور سمیت پانچ حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، این اے 131 لاہور سے عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ہو گا۔


متعلقہ خبریں