تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع


اسلام آباد: تربیلا  کے چوتھے توسیعی منصوبہ نے بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے جبکہ اس کے دوسرے یونٹ کی ویٹ کمیشننگ بھی شروع کی جا چکی ہے اور اس یونٹ سے بھی جلد بجلی پیدا ہونا شروع  ہو جائے گی۔

ترجمان واپڈا کے مطابق منصوبے کا پہلا یونٹ نیشنل گرڈ  کو اوسطاً 335 میگاواٹ بجلی مہیا کر رہا ہے تاہم یونٹ کو بتدریج اس کی پوری پیداواری صلاحیت یعنی 470 میگاواٹ تک لے جایا جائے گا جس کے لیے کام جاری  ہے اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا پہلا یونٹ وقت پر بجلی کی پیداوار شروع  نہیں کرسکا تھا جس کی وجہ پانی کی کمی تھی، یہ یونٹ اپریل میں مکمل ہوا تھا  تاہم  اب یہ 335 میگاواٹ بجلی فراہم  کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع  ہونے سے بجلی کے بحران  پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔


متعلقہ خبریں