نیب نے سب سے زیادہ وصولیاں جرنیلوں سے کیں، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سب سے زیادہ وصولیاں فوجی جرنیلوں سے کیں، اس کے بعد بیوروکریسی اور تیسرے نمبر پر سیاستدانوں کے نام آئے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نےاسمبلی میں نیب کی جانب سے کی گئی وصولیوں کی تفصیلات پوچھیں تو سیاست دان تیسرے نمبر پر تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست ماں ہے اس کا تحفظ اور احترام ہونا چاہیے، ایسی کوئی بات یا کام نہ کیا جائے جس سے ریاست کو نقصان ہو۔

انہوں نے کہا کہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں آزاد صحافت بھی ہے، جہاں جمہوریت نہیں وہاں آزاد صحافت بھی نہیں، میں خود تنقید کا نشانہ بنتا ہوں اور اس تنقید سے اپنی کمزوریوں کا علم ہوتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اب سیاست کا انداز بدل گیا ہے، پہلے سیاستدان جیل جاتا تھا یا اسے سزا ہوتی تھی تو وہ سیاسی قیدی کہلاتا تھا لیکن اب اگر سیاستدان کو سزا ہو تو اسے چور اور کرپٹ قرار دے دیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں