چار معطل اے آر اوز کے خلاف انضباطی کارروائی شروع


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے  چار معطل اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں کے خلاف انکوائری افسرمقررکر کے انضباطی کارروائی شروع کردی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق معطل کیے گئے افسران میں اے آر او این اے 210 خیرپورایگزیکٹو انجینئر واپڈا راجہ عزیز، اے آر او این اے 209 ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز الطاف شیخ  اور اے آر او پی پی 40 سیالکوٹ اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹرجنرل ضیا الحق اور سپرنٹنڈنٹ لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کوئٹہ عبدالرحمان شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے انکوائری افسروں کو30 دن میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹرجنرل ضیا الحق کے لیے ریجنل الیکشن کمشنرگوجرانوالہ کو انکوائری افسرمقرر کر دیا گیا ہے جبکہ معطل اے  آر او  پی  بی 26 عبدالرحمان کے لیے ریجنل الیکشن کمشنر کوئٹہ کو انکوائری افسرمقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور پولنگ افسران کو ہدایت کی گئی تھی کہ تعیناتی کے بعد تمام افسران الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتظامی طور پر الیکشن کمیشن کے ماتحت ہیں، اگر اس حوالے سے فرائض میں کوئی غفلت برتی گئی تو الیکشن کمیشن کی جانب سے انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں