ایم ایم اے میں پنجاب اور سندھ کی 90 فیصد نشستوں پر اتفاق


اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں نے سیاست کو بدنام کردیا ہے، لوٹا کریسی کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔

اسلام آباد میں ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی زیرصدارت مرکزی پارلیمانی  بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اکرم خان درانی، حافظ عبدالکریم، علامہ عارف واحدی، پروفیسر محمد ابراہیم، محمد خان لغاری، سکندر گیلانی ایڈووکیٹ اور محمد اسلم غوری سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ایم ایم اے پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد، ڈاکٹر جاوید اختر اور ریاض شاہ کے علاوہ  سندھ  سے ڈاکٹر شاہد سومرو اور ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سامنے اپنی سفارشات پیش کیں۔

ایم ایم اے کے اجلاس میں منگل کو بھی پنجاب کی کچھ نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ نہ ہوسکا اس لیے ایم ایم اے کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بدھ کو بھی جاری رہے گا جس میں پنجاب اور سندھ کی رہ جانے والی نشستوں کا فیصلہ کیا جائے گا البتہ مجلس عمل کے درمیان پنجاب اور سندھ کی 90 فیصد نشستوں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

اجلاس کے بعد لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی 90 فیصد قومی اور صوبائی نشستوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور پنجاب کی چند نشستوں کے متعلق صوبائی پارلیمانی بورڈ بدھ کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گا جبکہ سندھ کی قومی و صوبائی نشستوں کے حوالے سے صوبائی پارلیمانی بورڈز کی سفارشات پر 100 فیصد اتفاق کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدھ کے اجلاس میں صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے پارلیمانی بورڈز کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ صوبائی پارلیمانی بورڈز کی سفارشات پر مرکزی پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل  پوری فعالیت، مکمل نظم و ضبط اور بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اتری ہے اور لوگوں کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے، ایم ایم اے آئندہ  انتخاب میں سیکولر اور بدتہذیب قوتوں کو بدترین شکست دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کی عوام کے دلوں میں کوئی ہمدردی نہیں اس لیے اب لوٹا کریسی کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کے لیے سنجیدہ اور محب وطن قوتوں کو آگے بڑھ کر ایم ایم اے کا ساتھ دینا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں